Nadeem Zaidi Profile picture
مجھےیقین ہےکہ #عمران_خان کی 3 عشروں کی یہ سخت ترین محنت ضرور رنگ لائےگی اور 🇵🇰 میں انشاءاللہ کوئی 1بھی طبقاتی نظام نہیں بچےگا Retweets ≠endorsements #قلمکار

Nov 19, 2020, 13 tweets

بنجارا نامہ
نذیر اکبر آبادی

🔸ٹک حرص و ہوا کو چھوڑ میاں مت دیس بدیس پھر مارا
🔸قزاق اجل کا لوٹے ہے دن رات بجا کر نقارا
🔸کیا بدھیا بھینسا بیل شتر کیا کوئی پلا سر بھارا
🔸کیا گیہوں چاول موٹھ مٹر کیا آگ دھواں کیا انگارا

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

1/13

🔸گر تو ہے لکھی بنجارا اور کھیپ بھی تیری بھاری ہے
🔸اے غافل تجھ سے بھی چڑھتا اک اور بڑا بیوپاری ہے
🔸کیا شکر مصری قند گری کیا سانبھر میٹھا کھاری ہے
🔸کیا داکھ منقیٰ سونٹھ مرچ کیا کیسر لونگ سپاری ہے

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

2/13

🔸تو بدھیا لادے بیل بھرے جو پورب پچھم جاوے گا
🔸یا سود بڑھا کر لاوے گا یا ٹوٹا گھاٹا پاوے گا
🔸قزاق اجل کا رستے میں جب بھالا مار گراوے گا
🔸دھن دولت ناتی پوتا کیا اک کنبہ کام نہ آوے گا

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

3/13

🔸ہر منزل میں اب ساتھ ترے یہ جتنا ڈیرا ڈانڈا ہے
🔸زر دام درم کا بھانڈا ہے بندوق سپر اور کھانڈا ہے
🔸جب نایک تن کا نکل گیا جو ملکوں ملکوں ہانڈا ہے
🔸پھر ہانڈا ہے نہ بھانڈا ہے نہ حلوا ہے نہ مانڈا ہے

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

4/13

🔸جب چلتے چلتے رستے میں یہ گون تری رہ جاوے گی
🔸اک بدھیا تیری مٹی پر پھر گھاس نہ چرنے آوے گی
🔸یہ کھیپ جو تو نے لادی ہے سب حصوں میں بٹ جاوے گی
🔸دھی پوت جنوائی بیٹا کیا بنجارن پاس نہ آوے گی

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

5/13

🔸یہ کھیپ بھرے جو جاتا ہے یہ کھیپ میاں مت گن اپنی
🔸اب کوئی گھڑی پل ساعت میں یہ کھیپ بدن کی ہےکفنی
🔸کیا تھال کٹوری چاندی کی کیا پیتل ڈبیا کی ڈھکنی
🔸کیا برتن سونے چاندی کے کیا مٹی ہنڈیا کی چینی

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

6/13

🔸یہ دھوم دھڑکا ساتھ لیے کیوں پھرتا ہے جنگل جنگل
🔸اک تنکا ساتھ نہ جاوے گا موقوف ہوا جب ان اور جل
🔸گھر بار اٹاری چوپاری کیا خاصا نین سکھ اور ململ
🔸چلمن پردے فرش نئے کیا لال پلنگ اور رنگ محل

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

7/13

🔸کچھ کام نہ آوے گا تیرے یہ لعل و زمرد سیم و زر
🔸جب پونجی باٹ میں بکھرے گی ہر آن بنے گی جان اوپر
🔸نوبت نقارے بان نشان دولت حشمت فوجیں لشکر
🔸کیا مسند تکیہ ملک مکاں کیا چوکی کرسی تخت چھتر

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

8/13

🔸کیوں جی پر بوجھ اٹھاتا ہے ان گونوں بھاری بھاری کے
🔸جب موت کا ڈیرا آن پڑا پھر دونے ہیں بیوپاری کے
🔸کیا ساز جڑاؤ زر زیور کیا گوٹے تھان کناری کے
🔸کیا گھوڑے زین سنہری کے کیا ہاتھی لال عماری کے

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

9/13

🔸مغرور نہ ہو تلواروں پر مت بھول بھروسے ڈھالوں کے
🔸سب پٹا توڑ کے بھاگیں گے منہ دیکھ اجل کے بھالوں کے
🔸کیا ڈبے موتی ہیروں کے کیا ڈھیر خزانے مالوں کے
🔸کیا بغچے تاش مشجر کے کیا تختے شال دوشالوں کے

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

10/13

🔸کیا سخت مکاں بنواتا ہے خم تیرے تن کا ہے پولا
🔸تو اونچے کوٹ اٹھاتا ہے واں گور گڑھے نے منہ کھولا
🔸کیا رینی خندق رند بڑے کیا برج کنگورا انمولا
🔸گڑھ کوٹ رہکلہ توپ قلعہ کیا شیشہ دارو اور گولا

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

11/13

🔸ہر آن نفع اور ٹوٹے میں کیوں مرتا پھرتا ہے بن بن
🔸ٹک غافل دل میں سوچ ذرا ہے ساتھ لگا ترے دشمن
🔸کیا لونڈی باندی دائی دوا کیا بندا چیلا نیک چلن
🔸کیا مندر مسجد تال کنواں کیا کھیتی باڑی پھول چمن

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

12/13

🔸جب مرگ بنا کر چابک کو یہ بیل بدن کا ہانکے گا
🔸کوئی ناج سمیٹے گا تیرا کوئی گون سینے اور ٹانکے گا
🔸ہو ڈھیر اکیلا جنگل میں تو خاک لحد کی پھانکے گا
🔸اس جنگل میں پھر آہ نظیرؔ اک تنکا آن نہ جھانکے گا

🔸سب ٹھاٹھ پڑا رہ جاوے گا جب لاد چلے گا بنجارا

13/13

Share this Scrolly Tale with your friends.

A Scrolly Tale is a new way to read Twitter threads with a more visually immersive experience.
Discover more beautiful Scrolly Tales like this.

Keep scrolling